شمالی کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں واقع شہر آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ بر ف باری کے ساتھ ہی مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی بڑی تعداد اتوار کی روزبرف باری سے لطف اندوز ہونے کی خاطر وارد ہوئی۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ’گلمرگ میںدو سے تین انچ جبکہ افروٹ میں تین سے پانچ انچ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ اتوار کی صبح سے ہی سیاحتی مقام پر برف باری ہورہی ہے جس کے پیش نظر غیر مقامی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں پہنچ رہی ہیں۔گجرات کی ایک سیاح مینا نے بتایا کہ کشمیر واقعی میں جنت کا ایک ٹکڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ ’گلمرگ پہنچ کر برف باری سے لطف انداز ہونے کا الگ ہی مزہ ہے لہذا ملک کے لوگوں کو دوسرے ممالک کی سیر وتفریح کے بجائے یہاں کا رخ کرنا چاہئے‘۔مذکورہ سیاح نے بتایا کہ سیاحتی مقام پر غیر مقامی سیاحوں کیلئے انتظامیہ نے خاطر خواہ انتظامات کر رکھے ہیں اور ا±نہیں کسی بھی مشکل کا سامنا نہیں کرناپڑرہا ہے۔ناگپور مہاراشٹریہ سے آئے ہوئے اور ایک سیاح رامیش نے کہا کہ گلمرگ آکر بہت اچھا لگا اور پہلی دفعہ گرتے ہوئے برف کے گالوں کو محسوس کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ اچھے ہیں اور مہمان نوازی میں ا±ن کا کوئی ثانی نہیں۔ ممبئی سے آئی ہوئی لکشمی نے کہا کہ ’کھبی سوچا نہیں تھا کہ ایسا موسم دیکھنے کو ملے گا مگر میری خوش قسمتی ہے کہ برف کو گرتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملا۔ یہاں پر بہترین سیکورٹی ہے ، کوئی ڈرنے کی بات نہیں، آئیں قدرتی کے نظاروں سے لطف اندوز ہو جائیں‘۔چھوٹی بچی انجلی نے بتایا کہ برف کے گرتے ہوئے گالوں کو دیکھنا واقعی میں ایک انوکھا نظارہ ہے۔انہوں نے کہاکہ گلمرگ آنے کا بار بار جی چاہ رہا ہے لہذا سبھی لوگوں کو یہاں پر آنا چاہئے۔ایک ہوٹل مالک نے بتایا کہ کچھ دنوں سے مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی تعداد میں قدرے اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جس سے ہمارا کام بڑھ گیا ہے۔بتادیں سیاحتی مقام گلمرگ میں اتوار کی صبح کی پو پھوٹنے سے قبل ہی بر ف باری شروع ہوئی جو وقفے وقفے سے جاری تھی۔