سرینگر میں G20عالمی سربراہی کانفرنس کے تیسرے اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین کا لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس جموں کشمیر میں ایک نئی صبح کی نوید لے کر آئے گی ۔ اپنے سوشل میڈیا ٹویٹر اکاونٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے G20 ممالک کے معزز مندوبین اور کثیر جہتی تنظیموں کے ارکان کا جموں کشمیر میں تیسری ٹورازم ورکنگ گروپ میٹنگ کے لیے پرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے جی 20 میٹنگ کی میزبانی کا تاریخی موقع اور اعزاز جموں و کشمیر کو فراہم کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹویٹ کیاکہ میں جی 20 ممالک کے معزز مندوبین اور کثیر جہتی تنظیموں کے ممبران کو اس جنت کشمیر میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ خوابیدہ مناظر سے لے کر پرفتن جھیل تک برف سے ڈھکے شاہی پہاڑوں تک تیسری ٹورازم ورکنگ گروپ میٹ کے لیے بہترین ماحول پیش کرتا ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ میں جی 20 اجلاس کی میزبانی کا یہ تاریخی موقع اور اعزاز جموں و کشمیر کو فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظمنریندر مودی جی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ مندوبین کشمیر کی مہمان نوازی کے علاوہ انمول ثقافت، کھانوں کا بھی تجربہ کر سکیں گے۔انہوںنے کہا ہے کہ کشمیر میں ایک نیا دور شروع ہوچکا ہے اور تبدیلیاں زمینی سطح پر دیکھی جاسکتی ہے ۔













