بارکھان۔26؍ فروری/ بلوچستان کے علاقے بارکھان میں رکھنی مارکیٹ کے اندر ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔ پاکستانی میڈیا اے آر وائی نیوز نے اتوار کو پولیس کے حوالے سےاطلاع دی۔بارکھان کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نجیب پندرانی نے تصدیق کی کہ بارکھان میں دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد بظاہر موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا۔دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ابتدائی تحقیقات کے لیے اسے گھیرے میں لے لیا۔امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بارکھان مارکیٹ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔بزنجو نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی پولیس چیف سے دھماکے کی رپورٹ بھی طلب کی۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو صوبے میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی۔














