زمبابوے میں ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کھیلنے گئی سری لنکا کی خاتون کرکٹ ٹیم کی چھ کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر پائی گئی ہیں۔ سری لنکا بورڈ نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ ایک دن پہلے ہی بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے جنوبی افریقہ اور دیگر ممالک میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکران کے معاملات تیزی سے بڑھنے کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا۔یہ صاف نہیں ہوا ہے کہ سری لنکائی کھلاڑی کورونا کے نئے ویریئنٹ اومیکران سے متاثر ہیں یا نہیں ، اس سے پہلے ہفتہ کو سری لنکا کی خاتون کرکٹ ٹیم سے وابستہ ایک سپورٹ اسٹاف متاثر پایا گیا تھا۔ اس کے بعد ہی ا?ئی سی سی نے ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ہفتہ کو ہونے والے میچ کو رد کردیا تھا۔کرکٹ سری لنکا نے کہا کہ سری لنکا کی خاتون ٹیم کو زمبابوے سے واپس لانے کیلئے سبھی ضروری قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ اگلے سال نیوزی لینڈ میں خاتون ون ڈے ورلڈ کپ کھیلا جانا ہے۔ اس کیلئے ہی ہرارے میں کوالیفائر ٹورنامنٹ ہورہا تھا۔ اب اس کے رد ہونے کے بعد ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کا فیصلہ رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا۔ پاکستان ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش نے اسی بنیاد پر کوالیفائی کیا ہے۔ آئی سی سی نے اس کی وضاحت کردی ہے۔ وہیں میزبان ہونے کے ناطے نیوزی لینڈ پہلے سے ہی اس ٹورنامنٹ میں کھیلے گا۔ اس کے علاوہ ہندوستان ، آسٹریلیا ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ بھی ون ڈے ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گے۔ ٹورنامنٹ چار مارچ سے تین اپریل تک کھیلا جائے گا۔جنوبی افریقہ میں نئے ویریئنٹ کا پتہ چلنے کے بعد دنیا بھر میں ڈر پیدا ہوگیا ہے ، جس سے کئی افریقی ممالک کے سفر پر پابندی لگادی گئی ہے ، جس میں زمبابوے بھی شامل ہے۔