نئی دہلی (یو این آئی) حکومت نے ہندوستان اور نیپال کے درمیان نقل و حرکت کو آسان بنانے کےلئے اتراکھنڈ کے دھرچولا میں مہاکالی ندی پر پل کی تعمیر کو منظوری دےدی ہے۔اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہند-نیپال سرحد پر دھارچولا میں مہاکالی ندی پر پل کی تعمیر کے لئے ہندوستان اور نیپال کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت کو منظوری دی گئی ہے ۔ مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ پل کی تعمیر سے متعلق اس معاہدے کی منظوری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور اس پل کی تعمیر کے بعد دونوں ممالک کے لوگوں کی آمد و رفت آسان ہو جائے گی۔