نئی دہلی(یو این آئی) قومی دارالحکومت دہلی میں ہوا کا معیار ہفتہ کو بھی ‘انتہائی خراب’ زمرے میں رہا۔ قومی راجدھانی میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 361 ریکارڈ کیا گیا۔ ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ (ایس اے ایف اے آر ) نے یہ اطلاع دی۔ ایس اے ایف اے آر کے حکام کے مطابق اتوار سے دہلی میں ہوا کا معیار بہتر ہونے کی امید ہے لیکن شمال مغربی سمت سے تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے یہ ‘خراب سے معتدل ’ زمرے میں رہے گی۔ ایس اے ایف اے آر کے مطابق“کھیتوں میں پرالی جلانے کے واقعات کم ہو کر 1077 رہ گئے ہے اور آج دہلی کا پی ایم 2.5 فیصد رہا ہے ۔” دارالحکومت میں صبح تقریباً 11 بجے پی ایم 2.5 اور پی ایم 10 بالترتیب ‘انتہائی بدترین’ میں 185 اور ‘ بدترین ‘ زمرے میں 302 تھے ۔ پی ایم 2.5 ہماری صحت کے لیے پی ایم 10 سے بھی زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے ۔دہلی کے کچھ علاقوں میں ہوا کے معیار کا انڈیکس ‘سنگین ’ زمرے میں پایا گیا۔ اشوک وہار میں ایئر کوالٹی انڈیکس 400، جہانگیر پوری میں 429، نریلہ میں 400، پنجابی باغ میں 402، روہنی میں 406 اور وویک وہار میں 413 ریکارڈ کیا گیا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق این سی آر میں ہوا کے معیار کا انڈیکس انتہائی خراب زمرے میں پایا گیا جس میں فرید آباد میں 333، غازی آباد میں 351، گروگرام میں 338 اور نوئیڈا میں 411 تھا۔