آسام ،ہماچل ، ناگالینڈ ، تری پورہ ،کیرالہ اور پنجاب کی نشستوں کی معیاد ختم ہورہی ہے
نئی دہلی: ۷ مارچ (یو این آئی)ایوان بالا- راجیہ سبھا کی 13 نشستوں کیلئے31 مارچ کو انتخابات ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 31 مارچ کو چھ ریاستوں کی 13 نشستوں کیلئے انتخابات ہوں گے ۔ یہ انتخابات آسام کی دو، ہماچل پردیش، ناگالینڈ اور تری پورہ میں ایک ایک، کیرالہ میں تین اور پنجاب میں پانچ سیٹوں کیلئے ہوں گے ۔ دراصل راجیہ سبھا میں کانگریس ممبران آنند شرما، اے کے انٹونی، شمشیر سنگھ ڈھلوںاور پرتاپ سنگھ باجوہ کی میعاد اپریل میں ختم ہو رہی ہے ۔ اس کے علاوہ شرومنی اکالی دل کے نریش گجرال اور بی جے پی کے شویت ملک کی میعاد بھی اپریل میں ہی ختم ہو رہی ہے ۔ انتخابات کا نوٹیفکیشن 14 مارچ کو جاری کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی 21 مارچ تک داخل کیے جاسکیں گے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 مارچ کو ہوگی۔ امیدوار 24 مارچ تک اپنے نام واپس لے سکیں گے ۔ ووٹوں کی گنتی بھی 31 مارچ کو ہی ہوگی۔