واشنگٹن: ۵ مارچ (واشنگٹن) امریکہ نے دعویٰ کیا کہ یوکرین روس کو جنگ میں ہرا سکتا ہے جبکہ نیٹو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نیٹو اتحاد یوکرین تنازع میں حصہ نہیں لے گا۔ ذرائع کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا یہ دعویٰ برطانوی میڈیا سے گفتگو کے دوران سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ معلوم نہیں کہ یوکرین سے روس کی جنگ کتنا عرصہ چلے گی، امید ہے کہ یوکرینی عوام وقت کے ساتھ سرخرو ہوں گے۔ امریکی وزیرِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ روس یوکرینی عوام کی خواہشات کو دبا نہیں سکتا، روس پوری عسکری قوت لگاتا ہے تو یوکرین کیلئے مقابلہ کرنا مشکل ہو گا۔ انٹونی بلنکن کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا اور اتحادیوں کو روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والی جنگ کا دائرہ وسیع ہونے سے متعلق تشویش ہے۔ دریں اثناءنیٹو کے سکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نیٹو اتحاد یوکرین تنازع میں حصہ نہیں لے گا۔ مسٹر اسٹولٹن برگ نے نیٹو کے وزرائے خارجہ کے ساتھ میٹنگ کے بعد کہاکہ نیٹو اتحاد نے روس پر سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ہم اس دوران یوکرین کی مدد کر رہے ہیں۔ نیٹو اس تنازعے میں حصہ نہیں لے گا، نیٹو ایک دفاعی ادارہ ہے ، ہم جنگ اور تصادم میں حصہ نہیں لیں گے “۔ نیٹو کے سربراہ نے بتایا کہ یہ میٹنگ یوکرین کے تنازع کے طویل المدتی نتائج پر توجہ مرکوز کرے گی۔