’ماریوپول‘ اور ’والنوواخا‘ کے محاصرے کے بعد یوکرینی شہریوں کے انخلا کیلئے کوششیں
ماسکو: ۵ ماچ (ایجنسیز) روس کی وزارت دفاع نے دو شہروں ماریوپول اور والنوواخا کے محاصرے کے بعد یوکرینی شہریوں کے انخلا کیلئے عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب عالمی نیوز میڈیا نے کہا ہے کہ وہ روس میں اپنے صحافیوں کے تحفظ کیلئے ایک نئے قانون کے بعد رپورٹنگ معطل کر رہے ہیں جس میں ’جعلی خبریں‘ پھیلانے پر 15 سال تک قید کی سزا کا خطرہ ہے۔ یوکرین پر روس کے حملے کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی جس کے بعد ماسکو نے معلومات کی جنگ میں جوابی حملہ کرنے کی کوشش کی ہے۔اس کے کمیونیکیشن ریگولیٹر نے میٹا پلیٹ فارم فیس بک کو روسی میڈیا کے خلاف امتیازی سلوک کے 26 کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے بلاک کر دیا۔ تاس نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ روس نے ٹوئٹر تک رسائی کو بھی محدود کر دیا ہے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ روس کے دشمنوں امریکہ اور اس کے مغربی یورپی اتحادیوں کی طرف سے غلط معلومات پھیلائی گئی ہیں تاکہ روسی عوام میں تفرقہ پیدا کیا جا سکے۔