اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی کنبہ کے چار افراد سمیت 5افراد لقمہ اجل
ایل جی ، صلاحکاروں، ڈاکٹرفاروق عبداللہ، عمر عبداللہ ، محبوبہ مفتی اور دیگر لیڈران کا حادثے پر اظہار افسوس
سانبہ میں اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی اور ان کے دو بچوں سمیت 5افراد سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ کنبہ ایک پرائیو ٹ گاڑی میں جموں سے وادی کی طرف آرہے تھے کہ سانبہ میں منسر نامی علاقے کے پاس گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میںسوار تمام افراد بشمول ڈرائیور لقمہ اجل بن گئے ۔ ادھر جموںکشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس حادثے میں دکھ کااظہار کیا جبکہ دیگر لیڈران نے بھی حادثے میں مرنے والے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق سانبہ میں ہفتہ کی اعلیٰ الصبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک ہی کنبہ کے4افراد سمیت پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح جموںکے ضلع سانبہ میں ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک ہی کنبے کے چار افراد سمیت پانچ مسافر جان بحق ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سانبہ کے منسر علاقے میں ایک انووا گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے چار افراد اور گاڑی کے ڈرائیور کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی۔پولیس ذرائع کے مطابق مہلوکین کا تعلق ضلع اننت ناگ کے رانی پور سے تھا جن کی شناخت 71 سالہ گلزار احمد بٹ اس کی اہلیہ 65 زینہ بیگم، ان کا بیٹا 26 اقبال احمد بٹ اور ان کی بیٹی 21 سالہ مسرت جان جبکہ ڈرائیور کی شناخت ثاقب احمد کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ انووا گاڑی میں جموں سے وادی کشمیر کی طرف سفر کر رہے تھے۔ دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔ادھر رانی پور سڑک حادثے میں کنبہ کے چار افراد کے مرنے کی خبر جونہی پھیل گئی تو وہاں قیامت صغریٰ بپا ہوئی اور لوگوں کا ایک سیلاب متوفین کے گھر پہنچا جہاں انکے رشتہ داروں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کااظہار کیا گیا۔ اس دوران علاقے میں کہرام مچ گیااور ہر ایک شخص کی آنکھیں نم اور چہرہ اُداس ہوا ۔ دریں اثناءسانبہ سڑک کے حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں پر جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ہے ۔ اس دوران جموں کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور دیگر لیڈران نے بھی اس حادثے پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے اور متاثرہ کنبے کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا ہے ۔