08فروری تک موسمی صورتحال میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ، مزید برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پیر پنچال کے آر پار ایک مرتبہ پھر ہلکی برفباری اور بارشیں ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں شبانہ درجہ حرارت میں کچھ حد تک بہتری ریکارڈ کی گئی ۔ تازہ بارشوں اور برفباری کے بعد معمول کی زندگی میںبھی خلل واقع ہوا جبکہ شبانہ درجہ حرارت میں بھی بہتری آئی اور سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی دوران شبانہ سردیوں کا زور بھی ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک ہلکی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے 08فروری سے موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔اطلاعات کے مطابق چلہ خورد میں بھی موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس دوران شہر آفاق گلمرگ کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں ہلکی برفباری اور بارشیں ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران6 سے 8 انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں بھی جمعرات کی صبح برف کی دبیز چادر بچھی ہوئی تھی۔وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی جس کے نتیجے میں دن میں شدید سردی کی لہر دیکھنے کو ملی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب چھ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب چھ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ادھرسرحدی ضلع کپوارہ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں منفی9.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔دھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک ہلکی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے 08فروری سے موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 04فروری تک موسم خراب رہے گا جس کے بعدپانچ فروری کو موسم خشک رہنے کے بعد چھ اور سات فروری کوموسم ایک بار پھر کروٹ بدل سکتا ہے۔