جیل میں چھ مہینوںمیں دوسرے اسیر کی پُر اسرار موت
سرحد ی ضلع کپواڑہ کے سب جیل میں 33سالہ قیدی کی دوران شب موت ہوئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چھ ماہ کے دوران یہ جیل میں دوسری موت واقع ہوئی ہے ۔ اس ضمن میں نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شمالی قصبہ سوپور سے تعلق رکھنے والے ایک 33سال کے قیدی کی موت کپواڑہ سب جیل میں ہوئی ہے ۔ معلوم ہو اہے کہ سیاد پورہ سوپور سے تعلق رکھنے والا ایک قیدی اپنے بھائی کے ساتھ ڈسٹرکٹ جیل کپواڑہ میں بند تھا، منگل کو آدھی رات کے قریب فوت ہو گیا۔نمائندے نے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم خورشید احمد وانی ولد غلام محمد وانی ساکن سیاد پورہ سوپور، جو آئی پی سی کے تحت درج ایک کیس ایف آئی ا?ر نمبر 52/2021 سیکشن 363, 498 اور 109 کے تحت 5 اکتوبر 2021 سے جیل میں بند تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ خورشید کی طبیعت کافی عرصے سے ٹھیک نہیں تھی اور گزشتہ نصف شب کے قریب ان کے بھائی جو کہ اسی کیس کے سلسلے میں جیل میں بند ہیں، نے وہاں تعینات پولیس اہلکاروں کو مطلع کیا جس کے بعد ہسپتال کے محکمہ صحت کے اہلکار وہاں پہنچ گئے۔جیل حکام نے اسے سب ضلع ہسپتال کپواڑہ منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چھ مہینوں میں جیل میں یہ دوسری موت ہے کیونکہ براتھ کلاں سوپور کے ایک ملزم کی گزشتہ سال 14 جون کو جیل میں موت ہوئی تھی۔