سرینگر جموں شاہراہ پر آج بھی ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی ، محکمہ کی ایڈوائزری جاری
پیر پنچال کے آر پار بھاری برفباری کے نتیجے میں بانہال سے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل خدمات بھی سنیچروار کو بند رہی ۔ ادھر خراب موسمی صورتحال کے چلتے محکمہ ٹریفک نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اتوار کو بھی سرینگر جموں شاہراہ پر بطور احتیاط ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی ۔ گزشتہ دو دنوں سے جاری برفباری کے نتیجے میں جہاں زمینی و فضائی رابطہ منقطع رہا وہیں بانہال سے بارہمولہ سے چلنے والی ریل سروس بھی سنیچروار کو بند رہی ۔ محکمہ ریلوئے کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھاری برفباری کے نتیجے میںمسافروں کی جان و مال کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے سنیچروار کو بانہال سے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی تمام ریل گاڑیاں معطل رکھی گئیں اور کسی بھی ریل گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیںدی گئی ۔ ادھر برفباری کے پیش نظر محکمہ ٹریفک نے ایڈ وائزری جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اتوار کو بھی سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی اور کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیںہو گی ۔ محکمہ کے مطابق مسلسل برفباری کے نتیجے میں شاہراہ پر پھسلن پیدا ہونے کے علاوہ کئی مقامات پر پتھر گر آنے اور لینڈ سلاٹیڈنگ کے واقعات کے بعد مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ اتوار کو سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی اور کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیںدی جائے گی ۔ مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک حکام کی ایڈ وائزری پر من و عن عمل کریںجبکہ ساتھ ہی شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل محکمہ ٹریفک سے پہلے سڑک کے بارے میںجانکاری حاصل کر لیں ۔