امورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ اور سپورٹس کونسل کے کیپکس بجٹ کا جائزہ لیا
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج امورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ اور جموںوکشمیر سپورٹس کونسل کے کیپکس بجٹ 2021-22ءکا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں جموںوکشمیر میں چلائے جانے والے میگا پروجیکٹوں سمیت مختلف پروجیکٹوں کی طبعی و مالی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود آلوک کمار، ڈائریکٹر امور ِ نوجوان و کھیل کود محکمہ غضنفر علی ، سیکرٹری جموںوکشمیر سپورٹس کونسل نزہت گل اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔مشیر فاروق خان نے کھیل سرگرمیوں اور بنیادی ڈھانچے کی مجموعی ترقی کے حوالے سے مختلف اہم اَمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ اَپنی اَپنی ٹیموں کو مقررہ مدت میں تمام منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے زور دیں اور اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ طبعی اور مالی حصولیابیوں کا توازن برقرار رکھیں۔
اِس موقعہ پر الگ الگ پرزنٹیشنز بھی دی گئیں جس میں دونوں محکموں کے مختلف جاری اور نئے کاموں کے حوالے سے کھیل بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق تفصیل سے جانکاری فراہم کی گئی۔ میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ امور ِ نوجوان و کھیل کود محکمہ کو کیپکس بجٹ کے تحت جاری کاموں کے لئے 607.28 لاکھ روپے واگذار کئے گئے جن میں سے 161.31 لاکھ روپے صَرف کئے جاچکے ہیں۔اِسی طرح نئے کاموں کے لئے 1331.38 لاکھ روپے واگذار کئے گئے جن میں سے 205.08 لاکھ روپے کیپکس بجٹ کے تحت خرچ کئے گئے ہیں۔میٹنگ کو مزید بتایا گیا کہ 68 جاری منصوبوں میں سے 34 مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 101 نئے منصوبوں میں سے 9 مکمل کئے گئے ہیں۔
اِسی طرح میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ جموںوکشمیر سپورٹس کونسل کے لئے مختلف کاموں کی خاطر97.88 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے اور جاری اور نئے دونوں کاموں کے لئے 55کروڑ روپے جار کئے گئے ہیں جن میں 41 جاری کام اور 262 نئے کام شامل ہیں۔میٹنگ میں کے کے ہاکو سٹیڈیم اور بخشی سٹیڈیم میں سپورٹس کونسل کی جانب سے کئے جانے والے کاموں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اِس کے علاوہ پریڈ فٹ بال گراﺅنڈ کی اَپ گریڈیشن بشمول پویلین اور میدان کی دیگر سہولیات کی صورتحال پر بھی میٹنگ میں غور وخوض ہوا۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام ٹینڈروں کا رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے فوراً بعد کریں تاکہ باقی ماندہ کام جلد سے جلد مکمل ہوسکیں۔مشیر موصوف نے خطے میں کھیلوں کو بہتر اور عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اِداروں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔