محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق سوموارکی شام سے شہرسری نگرسمیت کشمیروادی میں ہلکی بارشوں اوربرف باری کاسلسلہ شروع ہوگیا،جس میں دوران شب شدت آنے کے بعدبدھ کی صبح سیاحتی مقامات بشمول گلمرگ، پہلگام، سو نہ مرگ، یوس مرگ اور کوکرناگ کے علاوہ گریز ،تلیل ،رازدان ٹاپ اورشمالی کشمیر کے دیگر کئی علاقوںمیں 4انچ سے2 فٹ تک برف جمع پائی گئی ۔تازہ برف باری کے بعدگریز بانڈی پورہ اورسری نگر لیہہ شاہراہ سمیت کئی سڑکوں کوٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندکردیاگیا۔جبکہ پورے کشمیرمیں بجلی کے ترسیلی نظام میں بھی خلل پیداہوئی اورمحکمہ بجلی کے حکام نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ محکمہ کے فیلڈ ملازمین متاثرہ علاقوں میںبجلی سپلائی کوبحال کرنے کی کوششوںمیں مصروف عمل ہیں۔اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پیش گوئی کے مطابق سوموار کی شام شروع ہوئی بارش اوربرف باری میں دوران شب تیزی آئی اورمنگل کی صبح کافی و قت تک سری نگرسمیت بیشتر علاقوںمیں دھندچھائی رہی ۔حکام نے بتایاکہ وادی کشمیر بشمول گلمرگ، پہلگام، سو نہ مرگ، یوس مرگ اور کوکرناگ کے سیاحتی مقامات میں تازہ برف باری ہوئی، جس کے نتیجے میں کئی دور دراز کی سڑکیں بند ہوگئیں اور سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے آنے اور جانے والی درجن سے زیادہ پروازیں منسوخ کردی گئیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر سمیت وادی کے اطراف واکناف میںبدھ کے روز وقفے وقفے سے بارش وبرفباری کاسلسلہ جاری رہاہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں منگل کی صبح ساڑھے8 بجے تک تقریباً 7.1 ملی میٹر بارش اور برف باری ہوئی جبکہ بعدازاں دن بھر مطلع ابروآلودرہنے کے بعدوقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوئی ۔شمالی کشمیرمیں واقع مشہورسیاحتی مقام گلمرگ میں رات بھر تازہ برف باری 21.8 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی اور پارہ منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے مشہور تفریحی مقام پہلگام میں 13.5 سینٹی میٹر برف باری ہوئی ۔قاضی گنڈ، سری نگر جموں قومی شاہراہ پر4.0 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کوکرناگ میں ایک ملی میٹر بارش یا برف باری ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرحدی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں 5.0 سینٹی میٹر برف باری ہوئی۔حکام نے بتایاکہ تازہ اور مسلسل برف باری کی وجہ سے بانڈی پورہ گریز سڑک بند کر دی گئی۔ ایک ٹریفک اہلکار نے بتایا کہ گریز میں 6 انچ، رازدان ٹاپ پر 9 انچ، تلیل میں5 انچ اور داوڑمیں منگل کی صبح تک 4 انچ برف جمع پائی گئی۔محکمہ موسمیات نے مزیدبتایاکہ وسطی ضلع گاندربل میں واقع سیاحتی مقام سونہ مرگ سے بجری نالہ تک 6 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔اس کے علاوہ تازہ برف باری ہونے کے بعدکپوارہ کومژھل ، کرنا اور کیرن سے ملانے والی سڑکوں کو بند کر دیا گیا کیونکہ کپواڑہ کے اونچے علاقوں میں مسلسل برف باری کے دوران 1.5 فٹ برف پڑی ہے۔