اسلام آباد (یو این آئی) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ (طلاق شدہ) ریحام خان پر اتوار کو دیر رات گئے ایک شادی کی تقریب سے واپس آتے ہوئے کار پر حملہ کیا گیا۔ اس حملے کے بعد محترمہ ریحام نے ٹویٹ کر کے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایاکہ اپنے بھتیجے کی شادی سے واپس آتے ہوئے دو موٹر سائیکل سواروں نے میری کار پر گولیاں چلائیں جس میں وہ بال بال بچ گئی۔ ریحام نے عمران حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سوال کیا کہ کیا یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے ؟ لالچی، بزدلوں اور ٹھگوں کی سرزمین میں خوش آمدید۔ محترمہ ریحام نے ٹویٹ کیاکہ صبح کے نو بج چکے ہیں، میرے پرسنل سیکرٹری اور میری پوری ٹیم رات بھر ایک منٹ بھی نہیں سوئی اور ہماری ایف آئی آر شمس کالونی تھانے اسلام آباد میں درج ہونا باقی ہے ۔ تفتیش جاری ہے اور ابھی تک ہم ایف آئی آر کی کاپی ملنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ اندازہ لگائیں کہ یہاں کام کی رفتار کس حد تک سست ہے ۔ ہم ساری رات جاگتے رہے کیونکہ پولیس کچھ کرنے کی بجائے متاثرہ سے ہی سوال و جواب میں مصروف تھی۔ واضح رہے کہ ریحام اور پاکستان کے وزیر اعظم نے 2015 میں شادی کی تھی لیکن اسی سال دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔ ریحام نے 2018 میں شائع ہونے والی اپنی سوانح عمری میں عمران خان پر کئی سنگین الزامات لگائے تھے ۔