ڈگڈول رام بن میں حادثہ دو مسافر زخمی ، حالت بہتر
دھوبی محلہ کدلہ پانپور میں 23سالہ نوجوان نے مبینہ طورپر پھانسی پر لٹکا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا جبکہ سری نگر جموں شاہراہ پر ڈگڈول رام بن کے نزدیک سڑک کے ایک حادثے میں دو مسافر زخمی ہوئے۔ پانپور کے کدلہ بل دھوبی محلہ علاقے میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب 23سالہ نوجوان کی لاش اُس کے کمرے میں لٹکتے ہوئے برآمد کی گئی ۔ نمائندے نے بتایا کہ اگر چہ مذکورہ نوجوان کو اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُس کو مردہ قرار دیا۔ پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس ضمن میں دفعہ 174کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ ادھر موسلا دھار بارشوں کے بیچ سری نگر جموں شاہراہ پر ڈگڈول رام بن کے نزدیک ایک گاڑی سڑک پر اُلٹ گئی جس وجہ سے دو مسافر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا ۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت اسپتال میں قدرے بہتر ہے۔