پروفیسر شیخ اعجاز بشیر نے آج ڈائریکٹر کالجز جموں و کشمیر کا چارج سنبھالا۔پروفیسر بشیر کو حکومت نے دو سال کی مدت کے لئے اس عہدے پر تعینات کیا ہے ۔ اِس کے علاوہ اُنہیں نوڈل پرنسپل کشمیر ڈویژن کالجز اور پرنسپل اَمرسنگھ کالج سری نگر کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔پروفیسر شیخ اعجاز بشیرنے عہدہ سنبھالنے کے بعد جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیمی شعبے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے افسران اورملازمین کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور ترقی کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے ، تدریسی طریقوں میں اِختراع کو فروغ دینے اور جموں و کشمیر کے کالجوں میں طلبا¿ کے لئے مجموعی تعلیمی تجربے کو بڑھانے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیمی پروگراموں کو مضبوط کرے گا، ریسرچ کلچر کو فروغ دے گا اور طلبا¿ کی مجموعی ترقی کو یقینی بنائے گا۔پروفیسر اعجاز بشیر الیکٹرونکس میں پی ایچ ڈی کرنے والے ایک ممتاز ماہر تعلیم اور منتظم رہے ہیں۔ وہ جموں و کشمیر کی ہائیرایجوکیشن کونسل کے ممبر بھی ہیں اورزائد اَز تیس سال عرصے تک محکمہ اعلیٰ تعلیم کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔پروفیسر اعجاز اس سے قبل چار سال تک اِسلامیہ کالج سری نگر کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں اور خود مختار کالج کو بے مثال بلندیوں تک لے جا چکے ہیں۔ان کے دور میں اِسلامیہ کالج آف سائنس اینڈ کامرس نے تعلیمی کارکردگی کا نیا بینچ مارک قائم کیا۔