متعدد عوامی وفود ملے اور اَپنے مسائل گوش گزار کئے
کمشنرسیکرٹری سوشل ویلفیئر شیتل نندا نے آج کولگام کا دورہ کیا اورمنی سیکرٹریٹ میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی تاکہ لوگوں کے مسائل اور شکایات کو سنا جاسکے اور اُن کا اَزالہ کیا جاسکے۔عوامی شکایات کے اَزالہ کیمپ میں دیوسر، فریسل، کیمو، یاری پورہ، ڈی ایچ پورہ، پومبے، کولگام، منزگام اور دیگر علاقوں سے عوامی وفود نے بھرپور شرکت کی اورچیئر کو اَپنے مسائل اور اپنے علاقوں کی ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔وفد نے کولگام میں چلڈرن پارک کی ترقی، کلاک ٹاور سے ضلع ہسپتال تک سڑک کی چوڑائی، مین ٹاو¿ن میں پارکنگ کی جگہوں کی ترقی، ضلع کولگام کو لاڈلی بیٹی سکیم کے تحت شامل کرنے، تحصیل آفس کیمو کے لئے نئی عمارت کی تعمیرسمیت مختلف مطالبات پیش کئے ۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی جانب سے ہسپتالوں میں عملے کی تعداد میں اِضافے اور دیگر کئی مطالبات اُٹھائے گئے۔جسمانی طور خاص اَفراد کے ایک وفد نے موٹر ائزڈ ٹرائی سائیکلوں کی تبدیلی کی سکیم ، پی ایم اے وائی سکیم میں کوٹا، جسمانی طور خاص اَفراد کے لئے خصوصی بھرتی مہم اور اُن کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے دیگر مطالبات کا مطالبہ کیا۔کمشنر سیکرٹری نے لوگوں کے تمام مسائل اور مطالبات کو جلد اَز جلد اَزالے کے لئے بغور سُنا۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے جامع ترقی اور لوگوں کے مسائل اور شکایات کے بروقت ازالہ کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اَطہر عامر خان نے کہا کہ مطالبات کو مناسب طریقے سے نوٹ کیا گیا ہے اور مناسب کاررِوائی کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ ان پر توجہ دی جائے گی۔عوامی دربار میںضلع ترقیاتی کمشنر اَطہر عامر خان، اے ڈی سی وقار احمد گری، اے ڈی پی زاہد سجاد، اے سی ڈی سیّد نصیر، اے سی آر مشتاق احمد لون، ایس ڈی ایم نورآباد نازیہ حسن بشیر الحسن، ڈی ایس ڈبلیو او کے سی ای او، سی ایم او، ایگزیکٹیو اِنجینئروں، تحصیل داروں اور ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔