لیفٹیننٹ گورنر نے گینگسٹر کے ساتھ تصادم میں جاں بحق ہوئے پولیس افسر کو خراج عقیدت پیش کیا
سرینگر/03اپریل/کٹھوعہ میں گینگسٹر کے ساتھ تصادم آرائی میں جاں بحق ہونے والے پولیس کے ایس آئی دیپک شرما کو لفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ جموں کشمیر کو دہشت اور خوف سے پاک بنانے کےلئے پر عزم ہے اور اس کےلئے کام کرتی رہے گی ۔ انہوںنے اس دوران متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کااظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پولیس افسر نے انتہائی مطلوب گینگسٹر کے ساتھ لڑتے ہوئے بہادری کا مظاہرہ کیا ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے پی ایس آئی دیپک شرما کو خراج عقیدت پیش کیاجنہوں نے فرض کی ادائیگی میں سب سے بڑی قربانی دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس آئی دیپک شرما کی بہادری اور بے مثال ہمت کو سلام کرتا ہوں، جنہوں نے کٹھوعہ میں ایک انتہائی مطلوب گینگسٹر کو بہادری سے لڑتے ہوئے اور بے اثر کرتے ہوئے عظیم قربانی دی۔ ان کی عظیم قربانی ہمارے دلوں میں نقش رہے گی۔ دیپک شرما کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ قوم مہلوک افسر کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے ۔ جن کی لگن، لچک اور حوصلے مختلف قسم کے چیلنجوں اور مخالفین سے لڑتے ہوئے ہمیں متاثر کرتے رہتے ہیں