نئی دلی/۔مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے پیر کو کہا کہ ملک کو 1,000 گاڑیوں کے سکریپنگ سینٹر اور 400 خودکار فٹنس ٹیسٹ مراکز کی ضرورت ہے۔ ‘DigiELV’ کا آغاز کرتے ہوئے جناب گڈکری نے کہا کہ سڑک کی وزارت نے اب تک ملک بھر میں 85 گاڑیوں کے سکریپنگ سہولیات کو منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں 1,000 گاڑیوں کے سکریپنگ مراکز اور کم از کم 400 خودکار فٹنس ٹیسٹ سینٹرز کی ضرورت ہے۔DigiELV اینڈ آف لائف وہیکل سرٹیفکیٹ آف ڈیپازٹ کے لیے ایک تجارتی پلیٹ فارم ہے۔ کوئی بھی شخص جس کے پاس اس وقت سرٹیفکیٹ آف ڈپازٹ ہے وہ پلیٹ فارم کے ذریعے سی ڈی فروخت کر سکتا ہے۔ ایک سی ڈی اس وقت جاری کی جاتی ہے جب کوئی صارف آر وی ایس ایف میں سکریپنگ کے لیے گاڑی جمع کراتا ہے۔ یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ نیشنل وہیکل اسکریپج پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے ایک جیت ہے، وزیر نے کہا کہ ہندوستان جنوبی ایشیا میں اسکریپنگ کا مرکز بن سکتا ہے۔ گڈکری نے کہا، ”سرکلر اکانومی بہت اہم ہے اور اس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اگست 2021 میں نیشنل وہیکل اسکریپج پالیسی کا آغاز کیا اور کہا کہ اس سے ناکارہ اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی اور ایک سرکلر اکانومی کو بھی فروغ ملے گا۔ نئی پالیسی کے تحت، مرکز نے کہا تھا کہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پرانی گاڑیوں کو ختم کرنے کے بعد خریدی جانے والی گاڑیوں کے لیے روڈ ٹیکس پر 25 فیصد تک ٹیکس چھوٹ فراہم کریں گے۔ گاڑیوں کے اسکریپج پالیسی کا اطلاق 1 اپریل 2022 سے ہوا ہے۔ مرکزی بجٹ 2021-22 میں اعلان کیا گیا، پالیسی میں ذاتی گاڑیوں کے لیے 20 سال بعد فٹنس ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جب کہ کمرشل گاڑیوں کو 15 سال مکمل ہونے کے بعد اس کی ضرورت ہوگی۔