کم سے کم 13دکانیں خاکستر ،لاکھوں کا مال و اسباب تباہ
سرینگر/09دسمبر//بٹہ مالو سرینگر اور کنگن گاندربل میں شبانہ آگ کی دو الگ الگ وارداتوں میںکم سے کم 13دکانیں خاکستر ہوچکی ہیں جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق بٹہ مالو سرینگر میں ہفتہ اور جمعہ کی درمیانی شب آگ کی ایک واردات میں چھ دکانیں خاکستر ہوئیں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق آگ 2:35بجے ایک دو منزلہ تجارتی عمارت سے نمودار ہوئی جس نے آنا فانا آس پاس کی دیگر دکانوں کو اپنی لپیٹ میںلے لیا ۔ آگ نمودار ہونے کے ساتھ ہی فائر اینڈ ایمرجنسی ، پولیس اور مقامی لوگوںنے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم اس وقت تک 6دکانیں خاکستر ہوئیں تھی جس کی وجہ سے دکانوں میں لاکھوں کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا تھا ۔ آگ لگنے کی وجہ کا پتہ لگایا جارہا ہے ۔ دریں اثناءکنگن کے مین بازار میں لگنے والی زبردست آگ میں ایک شاپنگ کمپلیکس کی کم از کم سات دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ذرائع نے بتایا کہ آدھی رات کو لگنے والی آگ نے خاص طور پر کمپلیکس کے اندر دوکانوں کو اپنی زد میں لایا ۔حکام نے بتایا کہ فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا تاہم لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔دریں اثنا، واقعے میں کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، اور آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔پولیس نے دونوں معاملوں میں رپورٹ درج کرلی ہے