سرینگر//ایکواڈور میں مردہ قرار دیے جانے والی 76 سالہ معمر خاتون اپنے ہی جنازے میں زندہ ہو گئی تھی جو اب 7 روز بعد چل بسی ہے۔خاتون 7 دن انتہائی نگہداشت میں رہنے کے بعد انتقال کر گئی۔ایکواڈور کی وزارت صحت کے مطابق فالج کا دورہ پڑنے کے بعد بیلا مونٹویا کو 7 دن تک انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا تھا، اسپتال میں ان کی مستقل نگرانی کی گئی۔مقامی میڈیا کے مطابق بیلا مونٹویا کے بیٹے گلبرٹ بالبرن نے کہا ہے کہ اس بار میری ماں مر گئی ہے اور میری زندگی پہلے جیسی نہیں رہے گی۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل 76 سالہ معمر خاتون مردہ قرار دیے جانے کے 2 روز بعد اپنے ہی جنازے میں زندہ ہو گئی تھی، طبی امداد کے لیے فوری طور پر اُسے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا تھا۔ایکواڈور کے علاقے باباہویو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص ‘گلبرٹ بالبرن’ نے میڈیا کو بتایا کہ اس کی والدہ ‘بیلا مونٹویا’ کو مقامی سرکاری اسپتال نے مردہ قرار دے کر انہیں ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا تھا، جس کے بعد اہل خانہ آخری رسومات کی ادائیگی کے انتظامات کرنے لگے۔گلبرٹ بالبرن نے بتایا تھا کہ والدہ کی موت کے 2 روز بعد رسومات کی ادائیگی کے انتظامات مکمل کرکے انہیں تابوت میں لٹا دیا گیا تھا مگر 5 گھنٹے بعد تابوت کے اندر سے آوازیں آنا شروع ہو گئی تھیں۔