نئی دہلی(یواین آئی ) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی اتر پردیش کی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مرکز اور اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کو کسان مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کسانوں کے خلاف ہے ، لیکن کانگریس پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلا کر رہے گی۔ مسٹر گاندھی نے کہا ، "آج کھانا کھاتے وقت ان ‘انّ داتا (کسانوں) کے بارے میں سوچئے جو ملک کا پیٹ بھرنے کے لئے اپنا خون پسینہ دیتے ہیں ۔ انہیں انصاف دلانا ہمارا فرض ہے ”±۔ محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا ، "متاثرہ کسان خاندانوں کا صرف ایک مطالبہ ہے کہ انہیں انصاف ملنا چاہیے ۔ وزیر کی برخاستگی اور قاتلوں کی گرفتاری کے بغیر انصاف ملنا ناممکن ہے ۔ حکومت ملزم کو حاضر ہونے کی دعوت دے کر کیا پیغام دینا چاہتی ہے ؟ ۔ حکومت مجرموں کو تحفظ نہیں بلکہ انہیں سزا دے ۔ "