ریڈیو پر نشر ہونے والی اپنی من کی بات میں وزیر اعظم نے اتوار کو کشمیر کے خوبصورت مناظر اور کھیلوں کے تئیں نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے جوش کے بارے میں خصوصی طور پر بات کی اور کہا کہ آنے والے برسوں میں بہت سے نوجوان کھیل کے میدانوں پر ہندوستان کا ترنگا لہرائیں۔مسٹر مودی نے لوگوں کو کشمیر کا دورہ کرنے اور اپنے دوستوں کو بھی وہاں لے جانے کی ترغیب دی۔انہوں نے کہا کہ ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا ہے کہ ‘جنت اس سے زیادہ خوبصورت اور کیا ہوگی؟’یہ بات بالکل صحیح ہے۔ اسی وجہ سے کشمیر کو زمین کی جنت کہا جاتا ہے، آپ بھی ان تصاویر کو دیکھ کر کشمیر کی سیر پر جانے کی ضرور سوچ رہے ہوں گے۔برف باری کی وجہ سے ہماری وادی کشمیر ہر سال کی طرح اس بار بھی بہت خوبصورت ہو گئی ہے۔ لوگ بانہال سے بڈگام جانے والی ٹرین کی ویڈیو کو بھی خاص طور پر پسند کر رہے ہیں۔ خوبصورت برف باری، چاروں طرف برف جیسی سفید چادر۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ منظر پریوں کی کہانیوں جیسا لگتا ہے۔ بہت سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ کسی بیرونی ملک کی نہیں بلکہ ہمارے اپنے ملک کے کشمیر کی تصویریں ہیں۔مسٹر مودی نے کہا، "میں چاہوں گا کہ آپ خود بھی جائیں اور اپنے ساتھیوں کو بھی ساتھ لے جائیں۔ کشمیر میں برف پوش پہاڑ، قدرتی خوبصورتی اور بہت کچھ دیکھنے اور جاننے کے لیے ہے۔ سید آباد میں سرمائی کھیلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں سب سے زیادہ توجہ کھینچنے والی اسنو کرکٹ رہی۔مسٹر مودی نے کہا کہ اسنو کرکٹ بہت دلچسپ ہوتی ہے۔ کشمیری نوجوانوں نے برف میں کرکٹ کو مزید حیرت انگیز بنا دیا۔ اس کے ذریعے کشمیر میں ایسے نوجوان کھلاڑیوں کی بھی تلاش کی جاتی ہے، جو بعد میں ٹیم انڈیا کے طور پر کھیلیں گے۔ یہ بھی ایک طرح سے کھیلو انڈیا مہم کی توسیع ہے۔”وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر میں نوجوانوں میں کھیلوں کے حوالے سے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ آنے والے وقت میں ان میں سے بہت سے نوجوان ملک کے لیے تمغے جیتیں گے اور ترنگا لہرائیں گے۔ میرا مشورہ ہے کہ اگلی بار جب آپ کشمیر کے دورے کا ارادہ کریں تو اس طرح کی تقریبات کو دیکھنے کے لیے وقت نکالیں۔ یہ تجربات آپ کے سفر کو مزید یادگار بنا دیں گے۔