کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا سخت سیکورٹی بندو بست کے بیچ اتوار کی صبح سری نگر کے پانتھ چوک سے دوبارہ شروع ہوئی جو بعد ازاں لالچوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یاترا کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔پانتھ چوک سے شروع ہونے والی یاترا میں اے این سی کے سربراہ مظفر شاہ کے علاوہ پی ڈی پی کے سینئر لیڈروں نے شرکت کی۔قریباً بارہ بجے بھارت جوڑو یاترا کے شرکاءلالچوک پہنچے ۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اتوار کے روز تاریخی گھنٹہ گھر لالچوک سری نگر میں ترنگا لہرایا۔معلوم ہوا ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اور قومی ترانے کے بیچ راہول گاندھی نے گھنٹہ گھر کے نزدیک ترنگا لہرایا۔اس موقع پرکانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی، کشمیر امور انچارج رجنی پاٹل ، کانگریس جموں وکشمیر یونٹ کے صدر وقار رسول وانی، رمن بھلا، جی اے میر کے علاوہ پیرزادہ سعید بھی موجود تھے۔راہول گاندھی کی سری نگر آمد پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں ، سری نگر کے سیول لائنز علاقوں میں کئی جگہوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ہیں۔بتادیں کہ اتوار کے روز راہول گاندھی نے پانتھ چوک میں بھارت جوڑو یاترا کی شروعات کی اور کئی کلومیٹر پیدل مسافت طے کرنے کے بعد لالچوک کے گھنٹہ گھر میں ترنگا لہرایا گیا۔بتادیں کہ راہول گاندھی نے جمعے کے روز کشمیر پہنچنے کے بعد یاترا کے لئے سیکورٹی انتظامات کمزور ہونے کا الزام لگایا تھا تاہم جموں وکشمیر پولیس نے اس الزام کو رد کیا تھا۔کنیا کماری سے 7 ستمبر کو شروع ہونے والی یہ یاترا ہفتے کو پانپور میں برلا اوپن مائنڈس اسکول میں قیام کے بعد سری نگر کے مضافاتی علاقہ پانتھہ چوک پر اختتام پذیر ہوگی۔سری نگر میں رات کے قیام کے بعد پیر کو راہول گاندھی سری نگر میں مولانا آذاد روڈ پر واقع پارٹی ہیڈ کواٹر پر قومی پرچم لہرائیں گے۔