مہلوک ملی ٹینٹ پلوامہ کے ہیں دونوں سیکورٹی فورسز کو مطلوب تھے /اے ڈی جی پی وجے کمار
جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام میں منگل کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین ایک مختصر تصادم میں دو مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ اتوار کے روز رڈہ بوگ ماگام میں سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق کورٹ کمپلیکس بڈگام کے نزدیک منگل کی صبح اُس وقت سنسنی اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب گاڑی میں سوار جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے مابین آمنا سامنا ہوا جس کے نتیجے میں وہاں کئی منٹوں تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس وجہ سے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بڈگام میں ناکہ لگایا جس دوران ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کے دوران ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کی۔ انہوں نے کہاکہ گاڑی میں سوار ملی ٹینٹوں نے جائے وقوع سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم سلامتی عملے کی کارگر حکمت عملی کے باعث وہ علاقے سے فرار نہ ہو سکے اور بعد ازاں سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دونوں مارے گئے۔ اُن کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ بڈگام میں ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے کورٹ کمپلیکس کے نزدیک منگل کی صبح ناکہ لگایا اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی شروع کی۔ انہوں نے کہاکہ صبح نو بجکر 30منٹ پر سیکورٹی فورسز نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس دوران اُس میں سوار ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ انہوں نے کہاکہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ملی ٹینٹ پلوامہ کے رہنے والے تھے اور وہ اتوار کے روز رڈہ بوگ ماگام میں سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔