7مریضوں سمیت 55درماندہ مسافر کرناہ سے کپوارہ اور کپوارہ سے کرناہ پہنچے ۔بجلی سپلائی بحال
کرناہ//سرکار نے سوموار کو سرحدی علاقہ کرناہ کےلئے چاپر سروس شروع کی جس دوران 55مسافر جن طلاب اور مریض بھی شامل تھے کرناہ سے کپوارہ اور کپوارہ سے کرناہ پہنچے ۔معلوم رہے کہ کرناہ کپوارہ شاہراہ سوموار کو چوتھے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کےلئے بند رہی اگرچہ شاہراہ بحال کرنے کےلئے بیکن نے اپنے مشینری کو کام پر لگایا ہے البتہ پانچ فٹ برف میں برفانی تودے گرنے کا عمل شروع ہو جاتا ہ ۔ادھر سرکار نے برف سے دھکے سرحدی علاقہ کرناہ کےلئے آج چاپر سروس شروع کی ۔جس دوران 55مسافروں نے کرناہ سے کپوارہ اور کپوارہ سے کرناہ کا سفر کیا ۔انتظامیہ کے مطابق ان درماندہ مسافروں میں عمرہ پر جانے والے افراد وادی کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلباء طالبات کے علاوہ 7مریض اور 7تیماردار بھی شامل تھے ۔اس کے علاوہ آج کی ان پروازوں میں دسویں اور بارویں کلاسوں کے (Answer book) آنسربک بھی کپوارہ بورڈ آفس تک پہنچائے گے ۔ادھر علاقے میں بجلی سپلائی گذشتہ شب ہی بحال کر دی گئی تھی ۔نتظامیہ کے مطابق علاقے میں 33کے وی بجلی کی ترسیلی لائن جس کو برف باری کی وجہ سے نقصان پہنچا تھا کو محکمہ کے عارضی ملازمین کی انتھک کوششوں کی وجہ سے بحال کر دیا گیا ۔معلوم رہے کہ بھاری برف باری کی وجہ سے اس لائن کو اکثر اوقات نقصان پہنچتا ہے کیونکہ یہ لائن سادھنا ٹاپ سے گزر کر کرناہ پہنچتی ہے اور وہاں بھاری برف باری کی وجہ سے اس کو نقصان پہنچ جاتاہے ۔ادھر کرناہ کپوارہ شاہراہ کو بحال کرنے کی ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔محکمہ بیکن کے مطابق شاہراہ پر قریب پانچ فٹ برف جمع تھی ۔بیکن کے ایک اعلی افسر نے بتایا کہ شاہراہ سے برف ہٹا دی گئی تھی تاہم بار بار تیز ہوائوں کے چلنے کے نے
نتیجے میں سڑک پر سلائیڈ آنے لگے اور شاہراہ کی بحالی میں رکاوٹیں پیش آتی رہیں تاہم انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بحالی کا کام شدو مد سے جاری ہے اور امکان ہے کہ منگل کی شام تک شاہراہ کو بحال کر دیا جائے گا۔بیوپار منڈل کے صدر حاجی تسلیم احمد میر نے بجلی کی بحالی اور کرناہ کےلئے چاپر سروس شروع کرنے پر حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے بیکن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ کو فلفور بحال کیا جائے تاکہ درماندہ مسافر اپنے اپنے مقام تک پہنچ سکیں ۔ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے بتایا کہ علاقے کی تمام اندرونی سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی ہے جبکہ بجلی سپلائی بھی اتوار کی شام کو بحال کر دی گئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بحالی کا کام شدو مد سے جاری ہے ۔انہوں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ خراب موسمی صورتحال کے بیچ بالائی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پسیاں اور پتھر گرنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے ۔