یونیورسٹی وقف کی املاک پرقائم ، بورڈکے کروڑوں روپے خرچ: ڈاکٹر درخشاں اندرابی
جموں وکشمیر وقف بورڈ نے اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ کامکمل کنٹرول سنبھالنے کامن بنالیا ہے ،اوراس سلسلے میں ممکنہ طورپر مذکورہ بورڈکی جانب سے جلدہی کچھ عملی اقدامات روبہ عمل لائے جارہے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر وقف بورڈ کی خاتون چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ایک انٹرویو میں اپنے اس موقف کااعادہ کیاکہ اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ اصل میں وقف کی جائیدادہے اوراس کانظم ونسق چلانے میں وقف بورڈ کارول یاحصہ داری ہونی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ ،وقف کی زمین پر بنائی گئی ،کیونکہ سرکاری اراضی کیساتھ سیدمنطقی صاحب ؒکی درگاہ سے منصوب زمین بھی ملائی گئی ہے ۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہاکہ یونیورسٹی بنائی گئی لیکن حیرت انگیز طورپر اس میں نہ تو وقف کاکہیں کوئی نام ہے اورنہ ہی سیدمنطقی صاحب ؒ کاکوئی ذکر ۔ وقف بورڈ کی خاتون چیئرپرسن کاکہناتھاکہ یہ یونیورسٹی بنانے میں وقف بورڈکے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے لیکن اُسوقت کی حکومت نے نہ جانے کیوں ،یہ بات چھپائی ۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی کے بقول گزشتہ دنوں جب وہ اس یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملیں ،تو مذکورہ چانسلر کویہ بات بڑی بارگراں گزری ،جب میں نے یونیورسٹی کے امور چلانے میں وقف بورڈ کے عمل دخل کاذکر کیا۔انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی وقف بورڈ سے تعلق رکھتی ہے۔ درخشاں اندرابی نے کہکہتمام ISUT سے منسلک کالج وقف سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لگ بھگ200سے250 کنال اراضی جس پر اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجیقائم کیا گیا ہے، وقف کی طرف سے عطیہ کیا گیا تھا۔ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ISUT کے قیام کے وقت وقف نے 44 کروڑ روپے کا عطیہ دیا تھالیکن اس وقت کی حکومت نے اپنے مفادات کے لیے یونیورسٹی کو وقف کے کنٹرول سے باہر رکھا۔ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ (ISUT) نومبر2005 میں جے اینڈ کے ریاستی قانون ساز اسمبلی کے ایک ایکٹ کے ذریعہ نافذ کیا گیا تھا۔ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کشمیر ایکٹ،2005 کے مطابق، ایگزیکٹو کونسل کی سربراہی وائس چانسلر کرتا ہے، جو یونیورسٹی کی ایگزیکٹو اتھارٹی ہے۔اس دوران ایک میڈیا رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایاگیاہے کہ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ میں انتظامیہ موجودہ نظام میں کچھ ترامیم پر غور کر رہی ہے جس کے بعد یونیورسٹی کونسل اور سنڈیکیٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔