محکمہ کے 30 ملازمین نے خون کا عطیہ دیا
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج یہاں جے ایل این ایم ہسپتال رعناواری میں خون عطیہ¿ کیمپ کا اِفتتاح کیا۔اِس کیمپ کا اِنعقاد خوراک ، شہری رسدات اور امورِ صارفین محکمہ نے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر کے اشتراک سے کیا تھا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے مشیر فاروق خان نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک عظیم کام ہے جسے معاشرے کے خلوص مند لوگ سر اَنجام دیتے ہیں۔مشیر فاروق خان نے خون کا عطیہ دینے پر ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے لوگوں اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ اِس نیک مقصد کے لئے آگے آئیں اور عوام اور ضرورت مند لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے اَپنا رول اَدا کریں۔مشیر موصوف نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ معاشرے کی پوری بھلائی کے لئے خون عطیہ کرنے والوں کی بے لوث خدمات کو سراہتی ہے۔دوران خون عطیہ¿ کیمپ ایف سی ایس اینڈ سی اے محکمہ کے 30ملازمین نے خون کا عطیہ دیا۔ کیمپ میں دیگر لوگوں کے علاوہ ناظم ایف سی ایس اینڈ سی اے محکمہ ، ناظم زراعت کشمیر ، محکمہ صحت کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔