انتظامیہ کی طرف سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ جو صارف مفت شمسی توانائی کے فواید حاصل کرنے کا خواہشمند ہوگا اسے مرکز کی فلیگ شپ ’پی ایم سوریہ گھر‘مفت بجلی یوجنا،کے تحت سولر روف ٹاپ پلانٹس کی تنصیب کے لئے فوری طور پر درخواستیں دے کراپنی رجسٹریشن کروانی چاہئے ۔سرکار واقعی عام لوگوں کو ہر لحاظ سے فایدہ پہنچانے کی چونکہ وعدہ بند ہوتی ہے اسی کے تحت پی ایم سوریہ گھر سکیم شروع کی گئی ہے ۔سنیچر 6جولائی کے شمارے میں اس حوالے جو خبر اخبارات کی زینت بن گئی اس بارے میں وادی کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں سے فون آرہے ہیں اور لوگ اس سکیم کے بارے میں مختلف سوالات کرتے رہتے ہیں ۔لوگوں کو اس سکیم کے بارے میں جو خدشات ہیں یا جن باتوں کی وضاحت وہ چاہتے ہیں تاکہ عام صارف بھی اس سکیم سے مستفید ہوسکے لیکن کون ہے جو لوگوں کو اس سکیم کے خدو خال سے آگاہ کرے ؟یہ کام متعلقہ محکمے کا ہے جسے اس بارے میں عام صارفین کو آگاہ کرنا چاہئے کہ سکیم کیا ہے اور انہیں کس کس طرح سے فایدہ مل سکتاہے ۔فی الحال کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ کی طرف سے گھریلو صارفین پر زور دیا گیا کہ وہ مفت شمسی توانائی کے فواید حاصل کرنے کے لئے مرکز کی فلیگ شپ پی ایم سوریہ ،مفت بجلی یوجنا کے تحت روف ٹاپ پلانٹس کی تنصیب کے لئے درخواستیں دیں ۔کارپوریشن کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ 31مارچ 2027تک سکیم کے ہدف کے تحت 36,400سولر روف ٹاپ نصب کئے جائینگے ۔انہوں نے صارفین پرزور دیا کہ وہ اپنی باضابطہ درخواستیں مقررہ پورٹل www.pmsuryaghar.gov.inپر جمع کریں ۔ترجمان نے کہاکہ دلچسپی رکھنے والے صارفین کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی قومی پورٹل پر خود کو رجسٹر کرچکے ہیں اور پینل میں شامل وینڈرز کی آن بورڈنگ کے ساتھ سولر روف ٹاپس کی تنصیب جلد ہی شروع ہوجاے گی ۔ترجمان نے فایدہ اٹھانے والوں کی سہولت کے لئے کہا کہ دس کلو واٹ تک کے سولر پلانٹ کے لئے کسی تیکنیکی فزیبلٹی رپورٹ ٹی ایف آر کی ضرورت نہیں تاہم انہوں نے واضع کیا کہ مستفید ہونے والوں کی روف ٹاپز سولر پینل لازمی طور پر نصب کیا جاے گا۔ترجمان نے صارفین سے وزیر اعظم سوریہ گھر سکیم سے فایدہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوے کہا کہ رہایشی مکانوں کی چھتوں پر شمسی توانائی کے لئے سبسڈی 2کلو واٹ تک کے سسٹم لاگت کا 60فی صد اور 2سے 3کلوواٹ گنجایش والے سسٹم کے لئے اضافی سسٹم لاگت کا 40فی صد ہے ۔موجودہ بینچ مارک قیمتوں کے حساب سے ایک کلوواٹ کے لئے33ہزار روپے ،دو کلوواٹ کے لئے 66ہزار روپے اور جموں کشمیر جیسے خصوصی زمرے کے جموں کشمیر یوٹی کے لئے 3کلو واٹ کے سولر روف ٹاپ سسٹم کیلئے 85ہزار 800روپے یا اس سے زیادہ سبسڈی دی جاتی ہے ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ سکیم سے فایدہ اٹھانے والے گھرانے بجلی کی بلوں پر بچت کرسکینگے ۔متذکرہ بالا تفصیلات کارپوریشن نے میڈیا کو فراہم کی ہیں لیکن صارفین اس سکیم کے بارے میں اور بھی کچھ جاننا چاہتے ہیں جس کے لئے اس کی بھر پور وضاحت کی جانی چاہئے اور یہ تب ہی ہوسکتاہے جب کارپور یشن سکیم کے بارے میں بھر پورتشہیری مہم چلاے تاکہ زیادہ سے زیادہ گھریلو صارفین سرکار کی اس سکیم سے فایدہ اٹھاسکیں ۔