پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کا جہاں تک تعلق ہے اس کا بنیادی مقصد سڑک رابطوں کو نہ صرف مزید مضبوط بنانا ہے بلکہ پلوں وغیرہ کی دیکھ ریکھ ،تعمیر اور تجدید و مرمت کو بھی یقینی بنانا ہے ۔یہ کہاوت عام ہے کہ اگر کسی ملک ،ریاست یا کسی مخصوص خطے کی ترقی کا جائیزہ لینا ہوتو اس کی سڑکوں کا حال دیکھ کر اس بات کا بخوبی پتہ چلتاہے کہ ملک میں ترقی کی رفتار کتنی ہے ۔بہتر سڑک رابطوں کا نہ صرف شہر یا بڑے قصبہ جات میں ہونا ضروری ہے بلکہ ہر خطے میں سڑکوں کاجال بچھانے کے علاوہ پلوں کی تعمیر و تجدید بھی لازمی ہے ۔دو تین دہائیوں قبل ہم اس بات کا مشاہدہ کرچکے ہیں کہ اس جانب زیادہ توجہ نہیں دی گئی اور کوئی ایسی یوجنا نہیں بنائی جاسکی جس سے بہتر سڑک رابطوں کو یقینی بنایا جاسکتا۔سال 2019میں جب مرکز ی حکومت نے جموں کشمیر کو دی گئی خصوصی پوزیشن واپس لینے کا اعلان کیا اس کے فوراً بعد پورے خطے یعنی جموں کشمیر میں متعدد ترقیاتی پروجیکٹ شروع کے گئے ۔ان میں خاص طور پر پردھان منتری گرام سڑک یوجنا شامل ہے ۔جس کے تحت پورے جموں کشمیر میں سڑک رابطوں کا جال بچھانے کے علاوہ پلوں کی تعمیر و تجدیدکے لئے فنڈزمخصوص رکھے گئے ۔چنانچہ اس یوجنا کے تحت 1057سڑکوں اور پلوں کے پروجیکٹ کو منظوری دی گئی جس کے لئے لاگت کا تخمینہ 4550کروڑ لگایا گیا ۔اس سڑک یوجنا کے تحت پورے جموں کشمیر میں کام جاری ہے۔جس سے لوگوں کو واقعی راحت ملی ہے کیونکہ جب سڑک رابطے مضبوط ہونگے اور پلوں کی تعمیر و تجدید ہوتی ہے تو دوریاں سمٹ جاتی ہیں اور ترقیاتی پروجیکٹوں کو عملانے میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں ۔وادی میں کئی ایسے بہت سے دیہات ہیں جہاں بچوں کو سکولوں تک پہنچنے یا بیماریوں کو ہسپتالوں تک لے جانے کے لئے دس دس بارہ بارہ کلومیٹر دور تک پیدل چلنا پڑتا تھا کیونکہ ندی نالوں پر پل نہیں تھے لیکن متذکرہ بالا یوجنا کے تحت اب متعدد پل بنائے گئے اور جو قابل مرمت تھے ان کی مرمت کی گئی اس طرح گاﺅں والوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔بچوں کو سکول جانے کیلئے اب میلوں پیدل نہیں جانا پڑتا ہے جبکہ مریضوں کو ہسپتالوں تک لے جانے کے لئے ان کے گھروالوں کو پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتاہے ۔بہتر سڑک رابطوں کا سب سے بڑا فایدہ یہ حاصل ہوا ہے کہ پورے جموں کشمیر میں اقتصادی ترقی میں اضافہ ہونے لگاہے ۔سنٹرل روڈ اینڈ انفرا سٹرکچر فنڈ نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تقویت دینے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے جس میں 2000سے اب تک 294بڑی سڑکوں اور پلوں کے منصوبے منظور کئے گئے ہیں ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ان میں سے 163منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جو خطے کے بنیادی ڈھانچے کے منظر نامے میں اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتے ہیں ۔اب عام لوگ یہ پوچھتے ہیں کہ جب پردھان منتری سڑک گرام یوجنا شروع کی گئی ہے اور اس بات کا عہد کیا گیا کہ اس یوجنا کے تحت کئے جانے والے کاموں کو تیز رفتاری کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی جاے گی لیکن ابھی بہت سے ایسے پل اور سڑکیں ہیں جن پر کام سست رفتاری سے جاری ہے اسلئے ان پر کام کی رفتارتیز کی جانی چاہئے تاکہ ان کاموں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے ۔یہ کام عوامی اہمیت کے حامل ہیں ۔